مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سرِورق کا موضوع

بیماریوں کا پھیلاؤ—‏کیسے کریں بچاؤ؟‏

بیماریوں کا پھیلاؤ—‏کیسے کریں بچاؤ؟‏

ہمارے جسم کو ہر روز ایسے دُشمنوں سے لڑنا پڑتا ہے جو خاموشی سے وار کرتے ہیں اور ہمیں نظر نہیں آتے۔‏ مگر اِن دُشمنوں کا حملہ جان‌لیوا ہو سکتا ہے۔‏ یہ دُشمن مختلف قسم کے جراثیم،‏ مثلاً وائرس اور بیکٹیریا ہیں جو ہماری صحت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‏ * اکثر ہمیں اِن حملوں کا پتہ نہیں چلتا کیونکہ ہمارا مدافعتی نظام (‏بیماری کے خلاف لڑنے والا نظام)‏ جراثیم کے خلاف لڑتا ہے اور ہمارے جسم میں کوئی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی زیادہ‌تر جراثیم کو ختم کر دیتا ہے۔‏ لیکن کبھی کبھار یہ خطرناک جراثیم ہمارے مدافعتی نظام پر حاوی ہو جاتے ہیں۔‏ ایسی صورت میں ہمیں علاج اور دوائیوں کے ذریعے اپنے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔‏

ہزاروں سال تک اِنسان یہ نہیں جانتے تھے کہ خوردبینی جان‌دار اُن کے لیے کتنے خطرناک ہو سکتے ہیں۔‏ پھر جب اُنیسویں صدی عیسوی میں سائنس‌دانوں نے اِس بات کی تصدیق کی کہ جراثیم بیماریاں پھیلاتے ہیں تو اِنسان زیادہ اچھی طرح اِن سے اپنا دِفاع کرنے کے قابل ہو گئے۔‏ تب سے سائنس‌دان کچھ وبائی امراض جیسے کہ چیچک اور پولیو کو ختم کرنے یا اِن پر قابو پانے میں کامیاب رہے ہیں۔‏ لیکن حالیہ سالوں میں زرد بخار اور ڈینگی جیسی بیماریوں نے پھر سے سر اُٹھا لیا ہے۔‏ آئیں،‏ اِس کی کچھ وجوہات پر غور کریں:‏

  • ہر سال لاکھوں لوگ مختلف ملکوں کا سفر کرتے ہیں اور اکثر اِس وجہ سے جراثیم ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو جاتے ہیں۔‏ ایک طبی رسالے کے مطابق”‏تقریباً تمام خطرناک وبائی امراض“‏ ایک ملک سے دوسرے ملک کا سفر کرنے والوں کے ذریعے پھیل سکتے ہیں۔‏‏—‏کلینکل اِنفیکشیئس ڈیزیز۔‏

  • کچھ بیکٹیریا نے ایسی دوائیوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت پیدا کر لی ہے جو اِنہیں ختم کرنے کے لیے دی جاتی ہیں۔‏ عالمی اِدارۂ صحت کے مطابق ”‏دُنیا ایک ایسے دَور کی جانب جا رہی ہے جس میں بیکٹیریا کو ختم کرنے والی دوائیاں مؤثر ثابت نہیں ہوں گی اور عام وبائی امراض سے ‏.‏ .‏ .‏ ایک بار پھر اِنسانوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہوگا۔‏“‏

  • بدامنی اور غربت کی وجہ سے اکثر حکومتوں کے لیے بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔‏

  • بہت سے لوگوں کو یہ پتہ نہیں ہوتا کہ وہ بیماریوں سے کیسے بچ سکتے ہیں۔‏

اِس سب کے باوجود آپ خود کو اور اپنے گھر والوں کو کافی حد تک بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔‏ اگر آپ کسی ایسے ملک میں رہتے ہیں جو اِتنا ترقی‌یافتہ نہیں ہے تو بھی آپ کچھ سادہ اور مؤثر اِقدام اُٹھا کر بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔‏

^ پیراگراف 3 زیادہ‌تر خوردبینی (‏اِنسانی آنکھ سے نظر نہ آنے والے)‏ جان‌دار بیماریاں نہیں پھیلاتے۔‏ لیکن اِس مضمون اور اگلے مضمون میں ہم ایسے خوردبینی جان‌داروں سے بچنے کی بات کریں گے جو ہماری صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‏