عالمی اُفق
دُنیا
دُنیا میں اِتنا اناج موجود ہے کہ کسی بھی اِنسان کو بھوکے پیٹ نہ سونا پڑے۔ ایک اندازے کے مطابق کسان اِتنا اناج اُگاتے ہیں کہ اِس سے ۱۲ ارب اِنسانوں کا پیٹ بھرا جا سکتا ہے جبکہ اِس وقت دُنیا کی آبادی صرف ۷ ارب ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ کاشتکاری سے زیادہ منافع حاصل نہیں ہوتا ہے، اناج کو تقسیم کرنا مشکل ہے اور بہت سارا اناج ضائع کر دیا جاتا ہے۔
برطانیہ اور ریاستہائے متحدہ امریکہ
ایک سروے کے مطابق مالی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ۲۴ فیصد لوگوں نے کہا ہے کہ ”کامیابی حاصل کرنے کے لئے شاید اُن کو غیراخلاقی یا غیرقانونی کام کرنا پڑے۔“ سولہ فیصد لوگوں نے کہا ہے کہ ”اگر اُن کو سزا نہ ملے“ تو وہ قانون توڑنے کو بھی تیار ہیں۔
ارجنٹائن
ارجنٹائن میں ہر پانچ میں سے تین اساتذہ اِس لئے چھٹی کی درخواست دیتے ہیں کیونکہ اُن کو کام کی جگہ پر ذہنی دباؤ اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جنوبی کوریا
بہت جلد جنوبی کوریا کے معاشرے میں اُن لوگوں کی شرح سب سے زیادہ ہوگی جو اپنے گھروں میں اکیلے زندگی گزاریں گے۔
چین
چین کی حکومت نے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے کچھ قانونی معیار قائم کئے ہیں جو ۲۰۱۶ء سے لاگو ہوں گے۔ خیال کِیا جاتا ہے کہ چین کے تقریباً ۷۰ فیصد شہر اِن معیاروں پر پورا نہیں اُتر پائیں گے۔ اِس کے علاوہ چین کے زیادہتر شہروں میں پینے کے پانی کو بھی ”خراب یا بہت ہی خراب“ قرار دیا جاتا ہے۔