مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 8

مسیح کب ظاہر ہوئے؟‏

مسیح کب ظاہر ہوئے؟‏

دانی‌ایل نبی کے زمانے کے تقریباً 500 سال بعد خدا کے فرشتے جبرائیل ایک کنواری لڑکی سے مخاطب ہوئے۔ اِس لڑکی کا نام مریم تھا اور وہ بادشاہ داؤد کی نسل سے تھیں۔ جبرائیل نے مریم سے کہا:‏ ”‏سلام تجھ کو جس پر فضل ہوا ہے!‏ [‏یہوواہ]‏ تیرے ساتھ ہے۔“‏ (‏لوقا 1:‏28‏)‏ یہ سُن کر مریم ڈر گئیں۔ اُن کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ خدا کا فرشتہ اُن کے پاس کیوں آیا ہے۔‏

جبرائیل فرشتے نے مریم کو بتایا کہ وہ مسیح کو جنم دیں گی۔‏

مریم کی گھبراہٹ دیکھ کر جبرائیل فرشتے نے اُن سے کہا:‏ ”‏اَے مریمؔ!‏ خوف نہ کر کیونکہ خدا کی طرف سے تجھ پر فضل ہوا ہے۔ اور دیکھ تُو حاملہ ہوگی اور تیرے بیٹا ہوگا۔ اُس کا نام یسوؔع رکھنا۔ .‏ .‏ .‏ [‏یہوواہ]‏ خدا اُس کے باپ داؔؤد کا تخت اُسے دے گا۔ .‏ .‏ .‏ اور اُس کی بادشاہی کا آخر نہ ہوگا۔“‏ (‏لوقا 1:‏30-‏33‏)‏ یہ سُن کر یقیناً مریم بہت خوش ہوئی ہوں گی۔ اُنہیں مسیح یعنی اُس شخص کو جنم دینے کا شرف حاصل ہو رہا تھا جس کے آنے کے بارے میں خدا کے نبیوں نے پیشینگوئی کی تھی۔‏

اِس کے اگلے سال مریم نے شہر بیت‌لحم میں ایک بچے کو جنم دیا اور اِس کا نام یسوع رکھا۔ اُسی رات ایک فرشتے نے اُس علاقے میں رہنے والے چرواہوں سے کہا:‏ ”‏دیکھو مَیں تمہیں بڑی خوشی کی بشارت دیتا ہوں .‏ .‏ .‏ کہ آج داؔؤد کے شہر میں تمہارے لئے ایک منجّی پیدا ہوا ہے یعنی مسیح۔“‏ (‏لوقا 2:‏10، 11‏)‏ کچھ عرصہ بعد یسوع کے گھر والے اُن کو شہر ناصرۃ لے گئے جہاں اُنہوں نے پرورش پائی۔‏

پیشینگوئیوں کے مطابق مسیح کو 29 ء میں ظاہر ہونا تھا۔ اور عین اِسی سال یسوع نے خدا کے نبی کے طور پر لوگوں کو تعلیم دینی شروع کر دی۔ تب وہ ’‏قریباً تیس برس کے تھے۔‘‏ (‏لوقا 3:‏23‏)‏ اُس وقت بہت سے لوگ جان گئے کہ یسوع مسیح کو خدا نے بھیجا ہے۔ وہ کہنے لگے:‏ ”‏ایک بڑا نبی ہم میں برپا ہوا ہے۔“‏ (‏لوقا 7:‏16، 17‏)‏ آئیں دیکھیں کہ یسوع مسیح نے لوگوں کو کن باتوں کی تعلیم دی۔‏

یسوع مسیح نے خدا سے محبت رکھنے اور اُس کی عبادت کر‌نے کی تعلیم دی:‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ ہمارا خدا ایک ہی [‏یہوواہ]‏ ہے۔ اور تُو [‏یہوواہ]‏ اپنے خدا سے اپنے سارے دل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل اور اپنی ساری طاقت سے محبت رکھ۔“‏ (‏مرقس 12:‏29، 30‏)‏ اُنہوں نے یہ بھی کہا:‏ ”‏تُو [‏یہوواہ]‏ اپنے خدا کو سجدہ کر اور صرف اُسی کی عبادت کر۔“‏—‏لوقا 4:‏8‏۔‏

یسوع مسیح نے لوگوں کو ایک دوسرے سے محبت کر‌نے کا درس دیا:‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏تُو اپنے پڑوسی سے اپنے برابر محبت رکھ۔“‏ (‏مرقس 12:‏31‏)‏ اُنہوں نے یہ بھی کہا:‏ ”‏جو کچھ تُم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کر‌یں وہی تُم بھی اُن کے ساتھ کر‌و کیونکہ توریت اور نبیوں کی تعلیم یہی ہے۔“‏—‏متی 7:‏12‏۔‏

یسوع مسیح نے خدا کی بادشاہت کے بارے میں تعلیم دی:‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مجھے .‏ .‏ .‏ خدا کی بادشاہی کی خوشخبری سنانا ضرور ہے کیونکہ مَیں اِسی لئے بھیجا گیا ہوں۔“‏ (‏لوقا 4:‏43‏)‏ یسوع مسیح نے خدا کی بادشاہت پر اِتنا زور کیوں دیا؟‏

پاک صحیفوں میں بتایا گیا ہے کہ خدا کی بادشاہت ایک ایسی حکومت ہے جو آسمان پر واقع ہے اور زمین پر رہنے والے لوگوں پر حکمرانی کر‌ے گی۔ خدا نے یسوع مسیح کو اِس بادشاہت کا بادشاہ مقرر کِیا ہے۔ دانی‌ایل نبی نے ایک رویا میں دیکھا کہ خدا نے مسیح کو آسمان پر ”‏سلطنت اور حشمت اور مملکت“‏ دی۔ (‏دانی‌ایل 7:‏14‏)‏ اِس بادشاہت کے ذریعے زمین پر فردوس قائم ہوگا اور خدا اپنے خادموں کو ہمیشہ کی زندگی عنایت کر‌ے گا۔ بِلاشُبہ یہ خلوص‌دل لوگوں کے لئے ایک خوشخبری ہے۔‏