مواد فوراً دِکھائیں

یہوواہ کے گواہوں نے اپنے کچھ عقیدوں کی نئی وضاحتیں کیوں کی ہیں؟‏

یہوواہ کے گواہوں نے اپنے کچھ عقیدوں کی نئی وضاحتیں کیوں کی ہیں؟‏

 ہمارے عقیدوں کی بنیاد ہمیشہ سے بائبل رہی ہے۔ اِس لیے جیسے جیسے پاک کلام کی سچائیوں کے بارے میں ہماری سمجھ میں اِضافہ ہوا، ہم نے اپنے کچھ عقیدوں کی نئی وضاحتیں کیں۔‏ a

 یہ نئی وضاحتیں پاک کلام میں درج اِس بات کے مطابق ہیں:‏ ”‏صادقوں کی راہ نورِسحر کی مانند ہے جس کی روشنی دوپہر تک بڑھتی ہی جاتی ہے۔“‏ (‏امثال 4:‏18‏)‏ جیسے جیسے سورج کی روشنی بڑھتی ہے ویسے ویسے چیزیں واضح نظر آنے لگتی ہیں۔ اِسی طرح خدا آہستہ آہستہ ہمیں پاک کلام کی سچائیوں کی سمجھ عطا کرتا ہے اور وہ اپنے مقررہ وقت پر ایسا کرتا ہے۔ (‏1-‏پطرس 1:‏10-‏12‏)‏ جیسے کہ پاک کلام میں بتایا گیا تھا، خدا نے ’‏آخری زمانے‘‏ کے دوران اِس عمل کو تیز کر دیا ہے۔—‏دانی‌ایل 12:‏4‏۔‏

 نئی وضاحتوں کی وجہ سے ہمیں حیران اور پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ ماضی میں بھی خدا کے کچھ بندے غلط نظریات اور توقعات رکھتے تھے۔ لیکن اُنہیں اپنی سوچ میں تبدیلی کرنی پڑی۔‏

  •   موسیٰ نبی نے خدا کے مقررہ وقت سے 40 سال پہلے ہی بنی اِسرائیل کا نجات دہندہ بننے کی کوشش کی۔—‏اعمال 7:‏23-‏25،‏ 30،‏ 35‏۔‏

  •   یسوع مسیح کے اِبتدائی شاگرد اُس پیش گوئی کو نہیں سمجھ پائے جو مسیح کی موت اور اُس کے مُردوں میں سے زندہ ہونے کے بارے میں کی گئی تھی۔—‏یسعیاہ 53:‏8-‏12؛‏ متی 16:‏21-‏23‏۔‏

  •   پہلی صدی عیسوی کے کچھ مسیحی ’‏یہوواہ کے دن‘‏ کے آنے کے بارے میں غلط نظریات رکھتے تھے۔—‏2-‏تھسلُنیکیوں 2:‏1، 2‏۔‏

 خدا نے اُن کی مدد کی تاکہ وہ اپنی سوچ کو بدل سکیں۔ ہماری دُعا ہے کہ وہ ہماری بھی اِسی طرح مدد کرتا رہے۔—‏یعقوب 1:‏5‏۔‏

a جب ہم اپنے کسی عقیدے کی نئی وضاحت کرتے ہیں تو ہم اِسے چھپاتے نہیں ہیں بلکہ اِسے شائع کرتے ہیں۔ ہماری کچھ نئی وضاحتوں کو دیکھنے کے لیے ‏”‏یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری‏“‏ میں کتاب ‏”‏مطالعے کے حوالے“‏ کھولیں اور پھر موضوع ”‏یہوواہ کے گواہ“‏ کے تحت حصہ ”‏نظریے اور عقیدے“‏ میں ”‏ہمارے عقیدوں کے بارے میں نئی وضاحتیں“‏ کو دیکھیں۔‏