مواد فوراً دِکھائیں

واروِک کے تعمیراتی کام کی تصویری جھلکیاں (‏مارچ سے اگست 2016ء)‏

واروِک کے تعمیراتی کام کی تصویری جھلکیاں (‏مارچ سے اگست 2016ء)‏

اِن تصویروں میں دِکھایا گیا ہے کہ مارچ سے اگست 2016ء تک رضاکاروں نے یہوواہ کے گواہوں کے نئے مرکزی دفتر میں کیا کیا کام کیے۔‏

واروِک میں نئے مرکزی دفتر کی تصویر:‏

  1. گاڑیوں کی ورکشاپ

  2. عوامی پارکنگ

  3. ورکشاپس/‏رہائشیوں کے لیے پارکنگ

  4. رہائشی عمارت (‏بی)‏

  5. رہائشی عمارت (‏ڈی)‏

  6. رہائشی عمارت (‏سی)‏

  7. رہائشی عمارت (‏اے)‏

  8. دفتروں کی عمارت

16 مارچ 2016ء—‏تعمیراتی سائٹ

کارکُن ٹرک سے بلوط اور میپل کے درخت اُتار رہے ہیں۔ تعمیراتی سائٹ پر 1400 سے زیادہ نئے درخت لگائے جا رہے ہیں۔‏

23 مارچ 2016ء—‏گاڑیوں کی ورکشاپ

واروِک میں کام کرنے والے رضاکار یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب منا رہے ہیں۔ اِس تقریب میں 384 لوگ موجود تھے۔ یہوواہ کے گواہ ہر سال پوری دُنیا میں یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب مناتے ہیں۔‏

15 اپریل 2016ء—‏تعمیراتی سائٹ

کارکُن مین گیٹ کے ساتھ والے کمرے کی کھڑکیاں لگا رہے ہیں۔ مین گیٹ پر موجود رضاکار مرکزی دفتر میں آنے والوں کا خیرمقدم کریں گے، عمارتوں کی حفاظت کریں گے اور اِس بات کا خیال رکھیں گے کہ گاڑیوں کے آنے جانے میں کوئی رُکاوٹ نہ ہو۔‏

19 اپریل 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک باپ اور بیٹا دوسری منزل کی گزرگاہ پر قالین کے ٹکڑے بچھا رہے ہیں۔ زیادہ تر گزرگاہوں پر قالین کے ٹکڑے بچھائے گئے ہیں کیونکہ خراب ہونے کی صورت میں اِنہیں بڑے قالینوں کی نسبت زیادہ آسانی سے تبدیل کِیا جا سکتا ہے۔‏

27 اپریل 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

کارکُن ایک دفتر کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کے لیے عارضی دیواریں لگا رہے ہیں۔ اِن دیواروں کو آسانی سے الگ کِیا جا سکتا ہے اور ضرورت کے مطابق دفتروں کو چھوٹا یا بڑا کِیا جا سکتا ہے۔‏

10 مئی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک کارکُن اُس جگہ کام کر رہا ہے جہاں ٹائلٹ بنائے جائیں گے۔ یہ ٹائلٹ مرکزی ہال کے ساتھ بنائے جائیں گے۔‏

26 مئی 2016ء—‏تعمیراتی سائٹ

کارکنوں کی ایک ٹیم آگ بجھانے کی مشق کر رہی ہے۔ اِس مشق کی بدولت یہ ٹیم کسی ہنگامی صورتحال میں مرکزی دفتر کی عمارتوں اور لوگوں کی حفاظت کر پائے گی۔ یوں مقامی حفاظتی عملوں کا کام بھی کم ہو جائے گا۔‏

30 مئی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک ویٹر واروِک میں کام کرنے والے رضاکاروں کو کھانے کے کمرے میں بٹھا رہا ہے۔ یہاں پہلی دفعہ صبح کی عبادت دِکھائی جانے والی ہے۔‏

31 مئی 2016ء—‏ورکشاپس/‏رہائشیوں کے لیے پارکنگ

ایک کارکُن رہائشیوں اور مہمانوں کی رہنمائی کے لیے لیزر کی مدد سے ایک نشان لگا رہی ہے تاکہ اُنہیں راستہ تلاش کرنے میں مشکل نہ ہو۔ واروِک میں ایسے 2500 سے زیادہ نشان لگائے جائیں گے۔‏

1 جون 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک ویلڈر مرکزی ہال سے آڈیٹوریم جانے والی سیڑھیوں پر ریلنگ لگا رہا ہے۔ تصویر میں نیچے آگ بجھانے والا کمبل نظر آ رہا ہے جو آس‌پاس کی چیزوں کو نقصان سے محفوظ رکھتا ہے۔‏

9 جون 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

دیواریں اور چھتیں بنانے والے شعبے کا ایک رُکن ایک دیوار پر پلستر کر رہا ہے۔ یہ راستہ اُس نمائش تک لے جاتا ہے جس کا نام ”‎Faith in Action‎“ ہے۔ واروِک میں کُل تین نمائشیں لگائی جائیں گی جن کی سیر کے لیے کسی گائیڈ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ہر نمائش کو اِس طرح ڈیزائن کِیا گیا ہے کہ اِس کا موضوع نمایاں ہو۔‏

16 جون 2016ء—‏گاڑیوں کی ورکشاپ

کارکُن کنکریٹ کے بنے ہوئے فرش پر پانی لگا رہے ہیں۔ اِس طرح فرش پر دراڑیں نہیں پڑیں گی، یہ زیادہ پائیدار ہو جائے گا، اِس پر مٹی اور ٹائر کے نشان نہیں لگیں گے اور اِس کی صفائی کرنا آسان ہوگا۔‏

29 جون 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

کارکنوں کی ایک ٹیم مرکزی ہال کے داخلی راستے کے اُوپر فائبر گلاس کی شیٹیں لگا رہی ہے جن سے روشنی چھن کر اندر داخل ہو سکے گی۔‏

29 جون 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک شوہر اور بیوی اُس جگہ پر گرینائٹ کی ٹائلیں لگا رہے ہیں جہاں سے نمائش ”‎The Bible and the Divine Name‎“ شروع ہوگی۔‏

6 جولائی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک کارکُن آڈیٹوریم میں ایک سیٹ لگا رہی ہے۔ اِس آڈیٹوریم میں کُل 1018 سیٹیں لگائی جائیں گی۔ اِس جگہ بیت ایل کے ارکان کے لیے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کا مطالعہ اور دیگر مذہبی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔‏

9 جولائی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

مرکزی ہال میں بڑھئی، الیکٹریشن اور دوسرے کارکُن مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بورڈ لگا رہے ہیں۔‏

13 جولائی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

دو کارکُن مرکزی ہال میں کام کرنے والے رضاکاروں کو پانی پہنچا رہی ہیں۔ تعمیراتی سائٹ پر کام کرنے والے رضاکاروں کو خاص طور پر گرمی کے موسم میں یہ یاددہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ باقاعدگی سے پانی پئیں۔‏

19 جولائی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

ایک کارکُن وہ بکس لگا رہا ہے جن میں نمائش ”‎The Bible and the Divine Name‎“ کے لیے نایاب بائبلیں رکھی جائیں گی۔ اِس نمائش میں اِن کے علاوہ بھی بہت سی بائبلیں اور اِن سے متعلق دوسری چیزیں رکھی جائیں گی۔‏

22 جولائی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

مرکزی ہال میں ایک کارکُن ایک خاکے کی مدد سے دیوار پر آسٹریلیا اور ایشیا کے جنوب مشرق میں واقع جزائر کا نقشہ بنا رہا ہے۔ دیوار پر نام یہوواہ کے گواہ تقریباً 700 زبانوں میں نظر آ رہا ہے۔‏

23 جولائی 2016ء—‏دفتروں کی عمارت

بیت ایل کے ارکان کو واروِک کی سائٹ کے متعلق معلومات دی جا رہی ہیں اور حفاظتی اِنتظامات کے بارے میں آگاہ کِیا جا رہا ہے۔‏

17 اگست 2016ء—JW براڈکاسٹنگ سٹوڈیو

کارکُن JW براڈکاسٹنگ کے ڈیسک کے اُوپر لائٹیں لگا رہے ہیں۔ سٹوڈیو کے زیادہ تر آلات بروکلن سے لائے گئے ہیں جہاں یہ سٹوڈیو پہلے موجود تھا۔‏

24 اگست 2016ء—‏تعمیراتی سائٹ

ایک کارکُن داخلی راستے پر ایل ای ڈی لائٹوں والا بورڈ لگا رہا ہے۔ 1 ستمبر سے مرکزی دفتر کے زیادہ تر شعبے واروِک میں کام کر رہے ہیں۔‏