مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

اوکی‌ناوا کے لوگوں کی لمبی عمر کا راز

اوکی‌ناوا کے لوگوں کی لمبی عمر کا راز

اوکی‌ناوا کے لوگوں کی لمبی عمر کا راز

جاپان سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

▪ سن ۲۰۰۶ میں ڈاکٹر مکوٹو سوزوکی اور اُس کے ساتھیوں نے جاپان کے جزیرے اوکی‌ناوا کی آبادی کا سروے کِیا۔‏ اِس سروے سے پتہ چلا کہ یہاں کی ۱۳ لاکھ آبادی میں سے ۷۴۰ افراد کی عمر سو سال سے زیادہ تھی جن میں ۹۰ فیصد عورتیں تھیں۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ ہر ایک لاکھ میں سے ۵۰ لوگوں کی عمر سو سال سے زیادہ تھی۔‏ جبکہ دیگر ترقی‌یافتہ ممالک میں ہر ایک لاکھ میں سے اوسطاً ۱۰ سے ۲۰ لوگوں کی عمر سو سال سے زیادہ ہے۔‏

یہ تحقیق ابھی تک جاری ہے اور کہا جاتا ہے کہ ”‏سو سال سے زائد عمر کے لوگوں پر کی جانے والی کوئی اَور تحقیق اتنی طویل نہیں ہے۔‏“‏ اِس تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ”‏سو سال سے زائد عمر کے لوگوں میں سے بیشتر صحت‌مند زندگی گزار رہے ہیں۔‏“‏ اِس کا راز جاننے کے لئے ڈاکٹر سوزوکی اور اُس کے ساتھیوں نے تقریباً ۹۰۰ ایسے لوگوں کا جائزہ لیا جن کی عمر سو سال سے زیادہ تھی۔‏ اُس نے اوکی‌ناوا کے ایسے لوگوں کا جائزہ بھی لیا جن کی عمر ۷۰ سال سے زیادہ تھی۔‏ ڈاکٹر سوزوکی اور اُس کے ساتھیوں نے دیکھا کہ اِن لوگوں میں سے بیشتر دُبلےپتلے مگر مضبوط اور صحت‌مند تھے۔‏ اُنکی شریانوں میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی اور کینسر یا دل کی بیماریوں میں مبتلا لوگوں کی تعداد بھی بہت کم تھی۔‏ اُنہوں نے یہ بھی دیکھا کہ دیگر ترقی‌یافتہ ممالک کی آبادی کی نسبت اوکی‌ناوا میں ۹۵ سال سے زیادہ عمر کے بہت کم لوگ بھولنے کی بیماری (‏ڈی‌مین‌شیا)‏ میں مبتلا تھے۔‏ اُن کی صحت‌مند زندگی کا راز کیا ہے؟‏

یہ سچ ہے کہ لمبی عمر کی ایک وجہ ماں اور باپ کی طرف سے ورثے میں ملنے والی خصوصیات ہیں۔‏ مگر اِس کی دیگر وجوہات بھی ہیں مثلاً تمباکونوشی سے گریز،‏ شراب کا کم استعمال اور متوازن غذا کا استعمال۔‏ اوکی‌ناوا میں لوگ ایسی خوراک کھاتے ہیں جس میں کم حرارے (‏کیلوریز)‏ ہوتے ہیں۔‏ وہ سبزیاں،‏ پھل اور کم چکنائی والی خوراک استعمال کرتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ،‏ بہتیرے لوگوں کی یہ عادت ہے کہ وہ تھوڑی بھوک رکھ کر کھانا کھاتے ہیں۔‏ اِس سلسلے میں ڈاکٹر سوزوکی کا ایک ساتھی بیان کرتا ہے:‏ ”‏جب آپ یہ محسوس کرنے لگتے ہیں کہ آپ کا پیٹ بھر گیا ہے تو کھانا چھوڑ دیں۔‏ اِس کی وجہ یہ ہے کہ دماغ تک یہ معلومات فوراً نہیں پہنچتی کہ پیٹ بھر گیا ہے بلکہ اِس میں تقریباً ۲۰ منٹ لگتے ہیں۔‏“‏

اوکی‌ناوا کے لوگ باغبانی،‏ روزانہ کی سیر،‏ روایتی ڈانس اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے کی وجہ سے جسمانی طور پر صحت‌مند رہتے ہیں۔‏ ڈاکٹر سوزوکی اور اُسکے ساتھیوں نے یہ بھی دیکھا کہ وہ لوگ ہمیشہ خوش اور پُراُمید رہتے ہیں۔‏ وہ مشکل حالات کا عمدگی سے مقابلہ کرتے ہیں۔‏ خاص طور پر عورتیں اپنے ”‏اردگرد کے لوگوں کے ساتھ میل‌جول“‏ رکھتی ہیں۔‏

ڈاکٹر سوزوکی کے ایک ساتھی نے کہا کہ ”‏کوئی ایسی دوائی نہیں ہے جس کی بدولت لمبی عمر حاصل کی جا سکتی ہو۔‏“‏ تاہم،‏ اِس جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ لمبی عمر کا راز ورثے میں ملنے والی خصوصیات،‏ خوراک،‏ ورزش،‏ اچھی عادات اور ”‏مشکل حالات کا عمدگی سے مقابلہ کرنا“‏ ہے۔‏