مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

فرشتے اور بدروحیں ہم پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟‏

فرشتے اور بدروحیں ہم پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟‏

پاک صحیفوں کی تعلیم

فرشتے اور بدروحیں ہم پر کیا اثر ڈالتے ہیں؟‏

اِس مضمون میں ایسے سوالوں پر غور کِیا گیا ہے جن کے بارے میں لوگ اکثر سوچتے ہیں۔‏ اِس میں یہ بھی واضح کِیا گیا ہے کہ آپ پاک صحیفوں میں اِن سوالوں کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے تاکہ آپ اپنے سوالوں کے جواب حاصل کر سکیں۔‏

۱.‏ فرشتے کون ہیں؟‏

فرشتوں کا جسم روحانی ہے اور وہ آسمان پر رہتے ہیں۔‏ اُن کا درجہ انسانوں سے اُونچا ہے۔‏ خدا نے زمین بنانے سے پہلے فرشتوں کو بنایا تھا۔‏ (‏ایوب ۳۸:‏۴،‏ ۷؛‏ متی ۱۸:‏۱۰‏)‏ آسمان پر کروڑوں فرشتے خدا کی خدمت کرتے ہیں۔‏‏—‏زبور ۱۰۳:‏۲۰،‏ ۲۱؛‏ مکاشفہ ۵:‏۱۱ کو پڑھیں۔‏

۲.‏ کیا فرشتے انسانوں کی مدد کرتے ہیں؟‏

فرشتوں نے لوط کی مدد کی جو ایک نیک انسان تھے۔‏ لوط جس شہر میں رہتے تھے،‏ وہاں کے لوگ بہت ہی بُرے تھے۔‏ اِس لئے خدا نے فیصلہ کِیا کہ وہ اُس شہر کو تباہ کر دے گا۔‏ دو فرشتوں نے آکر لوط کو بتایا کہ یہ شہر تباہ ہونے والا ہے اِس لئے وہ اپنے گھر والوں کو لے کر یہاں سے بھاگ جائیں۔‏ جب لوط نے یہ بات اپنے دامادوں کو بتائی تو اُنہوں نے سمجھا کہ لوط مذاق کر رہے ہیں اور اُن کی بات پر دھیان نہ دیا۔‏ لیکن لوط اور اُن کی بیٹیاں تباہی سے بچ گئے کیونکہ اُنہوں نے فرشتوں کی بات کا یقین کِیا تھا۔‏‏—‏پیدایش ۱۹:‏۱،‏ ۱۳-‏۱۷،‏ ۲۶ کو پڑھیں۔‏

بائبل میں بتایا گیا ہے کہ فرشتے آج بھی انسانوں کی مدد کرتے ہیں۔‏ فرشتوں کی رہنمائی میں خدا کے خادم سب لوگوں کو ’‏بادشاہی کی خوشخبری‘‏ سنانے کا کام کر رہے ہیں۔‏ (‏متی ۲۴:‏۱۴‏)‏ وہ لوگوں کو یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ خدا کی ”‏عدالت کا وقت آ پہنچا ہے۔‏“‏ اِس پیغام کو مذاق میں نہیں ٹالنا چاہئے۔‏ خدا اپنے فرشتوں کے ذریعے یہ سنجیدہ پیغام ہم تک پہنچا رہا ہے جیسے اُس نے فرشتوں کے ذریعے لوط کو پیغام پہنچایا تھا۔‏‏—‏مکاشفہ ۱:‏۱؛‏ ۱۴:‏۶،‏ ۷ کو پڑھیں۔‏

جب ہمیں مشکلوں کا سامنا ہوتا ہے تو خدا اپنے فرشتوں کے ذریعے ہمیں حوصلہ دیتا ہے۔‏ اُس نے یسوع مسیح کو ہمت دینے کے لئے بھی ایک فرشتے کو بھیجا تھا۔‏‏—‏لوقا۲۲:‏۴۱-‏۴۳ کو پڑھیں۔‏

جلد ہی خدا اپنے فرشتوں کو ایک اَور کام کرنے کے لئے بھی استعمال کرے گا۔‏ وہ فرشتوں کے ذریعے اِس زمین سے بُرے لوگوں کو اور دُکھ‌تکلیف کو ختم کر دے گا۔‏ اِس کے بعد انسان آرام اور سکون سے رہیں گے۔‏‏—‏۲-‏تھسلنیکیوں ۱:‏۶-‏۸‏۔‏

۳.‏ بدروحیں انسانوں پر کیا اثر ڈالتی ہیں؟‏

جس طرح بہت سے انسان،‏ خدا کی نافرمانی کرتے ہیں اُسی طرح بہت سے فرشتوں نے خدا کی نافرمانی کی ہے۔‏ (‏۲-‏پطر ۲:‏۴‏)‏ اِن فرشتوں کو شیاطین یا بدروحیں کہا جاتا ہے۔‏ اِن بدروحوں کا سردار شیطان ہے۔‏ شیطان اور اُس کے ساتھی انسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔‏‏—‏مکاشفہ ۱۲:‏۹ کو پڑھیں۔‏

شیطان سیاست،‏ کاروبار کی چمک اور جھوٹے مذہب کے ذریعے لوگوں کو خدا سے دُور کر رہا ہے۔‏ اِس لئے شیطان ہی تمام ناانصافی،‏ ظلم اور دُکھوں کا ذمہ‌دار ہے۔‏‏—‏۱-‏یوحنا ۵:‏۱۹ کو پڑھیں۔‏

۴.‏ بدروحیں انسانوں کو کیسے گمراہ کرتی ہیں؟‏

شیطان نے یہ تعلیم پھیلائی ہے کہ انسان کے مرنے کے بعد اُس کی روح زندہ رہتی ہے اور دوسرے انسانوں سے بات کرتی ہے۔‏ لیکن بائبل کی تعلیم یہ ہے کہ ”‏مُردے کچھ بھی نہیں جانتے۔‏“‏ (‏واعظ ۹:‏۵‏)‏ دراصل بدروحیں لوگوں کو دھوکا دینے کے لئے مرے ہوئے شخص کی آواز میں بات کرتی ہیں۔‏ (‏یسعیاہ ۸:‏۱۹‏)‏ بدروحیں ہمیں نجومیوں،‏ جادوگروں اور قسمت کا حال بتانے والوں کے ذریعے بھی گمراہ کرتی ہیں۔‏ خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ ہمیں ایسے لوگوں اور اُن کے کاموں سے کنارہ کرنا چاہئے۔‏ ہمیں ایسی ہر چیز کو پھینک دینا چاہئے جس کا تعلق بدروحوں یا جادوٹونے سے ہو۔‏‏—‏استثنا ۱۸:‏۱۰،‏ ۱۱؛‏ اعمال ۱۹:‏۱۹ کو پڑھیں۔‏

اگر ہم خدا سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں بدروحوں سے ڈرنا نہیں چاہئے۔‏ جب ہم خدا کے کلام کو پڑھتے ہیں اور اِس پر عمل کرتے ہیں تو ہم خدا کے قریب آ جاتے ہیں اور شیطان کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔‏ خدا بدروحوں سے کہیں زیادہ طاقت‌ور ہے۔‏ اُس کے فرشتے بھی بہت طاقت‌ور ہیں اور ضرورت کے وقت ہماری مدد کر سکتے ہیں۔‏‏—‏زبور ۳۴:‏۷؛‏ یعقوب ۴:‏۷،‏ ۸ کو پڑھیں۔‏

مزید معلومات کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب نمبر ۱۰ کو دیکھیں۔‏ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏