مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب ۳

طوفان کے ذریعے زمین پر تباہی

طوفان کے ذریعے زمین پر تباہی

خلاصہ:‏ خدا نے ایک بُری دُنیا کو تباہ کر دیا لیکن نوح اور اُس کے خاندان کو زندہ بچا لیا۔‏

جوں‌جوں دُنیا کی آبادی میں اضافہ ہوتا گیا،‏ لوگوں کی بدکاری بھی بڑھتی گئی۔‏ اُس زمانے میں صرف حنوک (‏جسے اِدریس بھی کہا جاتا ہے)‏ خدا کا وفادار تھا۔‏ اِس نبی نے لوگوں کو آگاہ کِیا کہ خدا بدکاروں کو ہلاک کر دے گا۔‏ اِس کے باوجود لوگ اپنی بُری حرکتوں سے باز نہ آئے اور دُنیا میں بُرائی بڑھتی گئی۔‏ پھر کئی فرشتوں نے خدا کے خلاف بغاوت کی اور اپنا آسمانی مقام چھوڑ دیا۔‏ اُنہوں نے انسانی بدن اختیار کر لیا اور عورتوں سے شادی کی۔‏ جب اُن فرشتوں اور عورتوں کے بچے پیدا ہوئے تو یہ عام انسانوں کی طرح نہ تھے بلکہ دیوقامت اور بہت ہی ظالم تھے۔‏ یہ نسل جبار کے لقب سے مشہور تھی۔‏ اُنہوں نے زمین پر تشدد اور خون‌خرابے کو فروغ دیا۔‏ دُنیا کے حالات کو دیکھ کر خدا کو بڑا دُکھ ہوا۔‏

حنوک کی موت کے کچھ عرصے بعد نوح پیدا ہوا۔‏ اُس بُری دُنیا میں وہ اپنے خاندان سمیت خدا کا وفادار رہا۔‏ وہ وقت قریب آ گیا تھا جب خدا بدکار لوگوں کو طوفان کے ذریعے ہلاک کرنے والا تھا۔‏ خدا نہ صرف نوح کو بلکہ جانوروں کو بھی بچانا چاہتا تھا۔‏ اِس لئے اُس نے نوح کو ایک کشتی بنانے کا حکم دیا۔‏ یہ کشتی بہت ہی بڑی تھی اور اس کی شکل ڈبے جیسی تھی۔‏ نوح نے خدا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے کشتی تعمیر کی۔‏ اِس کام میں ۴۰ تا ۵۰ سال لگے اور اِس دوران نوح ’‏راستبازی کی مُنادی‘‏ کرتا رہا۔‏ (‏۲-‏پطرس ۲:‏۵‏)‏ نوح نے لوگوں کو آنے والے طوفان سے آگاہ کِیا لیکن اُنہوں نے اُس کی بات نہ سنی۔‏ پھر وہ وقت آ پہنچا جب نوح اور اُس کا خاندان جانوروں سمیت کشتی میں داخل ہو گیا اور خدا نے کشتی کا دروازہ بند کر دیا۔‏ اِس کے بعد بارش پڑنے لگی۔‏

بارش ۴۰ دن اور ۴۰ رات تک مسلسل ہوتی رہی۔‏ یہاں تک کہ پوری زمین سیلاب کے پانیوں میں ڈوب گئی۔‏ تمام بدکار لوگ اِس سیلاب میں ڈوب مرے۔‏ پھر زمین پر پانی آہستہ‌آہستہ گھٹنے لگا اور کشتی ایک پہاڑ کی چوٹی پر رُک گئی۔‏ طوفان کے ایک سال بعد نوح کشتی سے باہر نکل آیا۔‏ اُس نے خدا کا شکر ادا کرنے کے لئے قربانی چڑھائی۔‏ اِس پر یہوواہ خدا نے نوح سے وعدہ کِیا کہ وہ کبھی زمین کے تمام جانداروں کو طوفان کے ذریعے ہلاک نہیں کرے گا۔‏ اور اِس وعدے کی ضمانت کے طور پر خدا نے آسمان پر ست‌رنگی کمان یا دھنک دکھائی۔‏

طوفان کے بعد خدا نے انسانوں کو کچھ نئے حکم دئے۔‏ مثال کے طور پر اُس نے اُنہیں جانوروں کا گوشت کھانے کی اجازت دی لیکن خون کھانے سے سختی سے منع کِیا۔‏ اِس کے علاوہ خدا نے نوح کی اولاد کو حکم دیا کہ وہ پوری زمین پر پھیل جائیں۔‏ لیکن اُن میں سے کئی لوگوں نے خدا کا کہنا نہیں مانا۔‏ اُس دوران نمرود نامی ایک رہبر اُٹھا۔‏ اُس کی سربراہی میں لوگ شہر بابل میں ایک بہت بڑا بُرج تعمیر کرنے لگے۔‏ اُنہوں نے یہ اس لئے کِیا تاکہ وہ پوری زمین پر پھیل نہ جائیں۔‏ یوں اُنہوں نے خدا کے حکم کی خلاف‌ورزی کی۔‏ البتہ خدا نے اُن کے اِس منصوبے پر پانی پھیر دیا۔‏ اُس وقت تمام لوگ ایک ہی زبان بولتے تھے لیکن خدا نے اُن لوگوں کی زبان میں اختلاف ڈال دیا اور وہ طرح‌طرح کی زبانیں بولنے لگے۔‏ چونکہ وہ ایک دوسرے کی زبان کو نہیں سمجھ سکتے تھے اِس لئے اُنہوں نے بُرج تعمیر کرنا چھوڑ دیا اور جگہ‌جگہ جا بسے۔‏

​—‏اِن واقعات کا ذکر پیدایش ۶ تا ۱۱ باب اور یہوداہ ۱۴ اور ۱۵ آیت میں ہوا ہے۔‏