مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

گورننگ باڈی کی طرف سے خط

گورننگ باڈی کی طرف سے خط

عزیز بھائیو اور بہنو!‏

یکم جنوری 2008ء سے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ میں مضامین کا ایک شان‌دار سلسلہ شائع ہونا شروع ہوا جس کا عنوان تھا:‏ ”‏اِن جیسا ایمان پیدا کریں۔‏“‏ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ تب سے اِس سلسلے کے کئی مضامین شائع ہو چُکے ہیں۔‏

مضامین کے اِس سلسلے پر بہن بھائیوں نے کیسا ردِعمل دِکھایا ہے؟‏ جب ایک بہن نے مارتھا والے مضمون کو پڑھا تو اُس نے لکھا:‏ ”‏اِس مضمون کو پڑھنے کے بعد مَیں ہنسنے لگی کیونکہ مَیں بالکل مارتھا کی طرح ہوں۔‏ میری بھی یہی خواہش ہوتی ہے کہ مَیں دوسروں کی خوب خاطرتواضع کروں۔‏ اور کبھی کبھار تو مَیں مہمانوں کی آؤبھگت میں اِتنی مگن ہو جاتی ہوں کہ اُن کے ساتھ وقت ہی نہیں گزارتی۔‏“‏ ایک نوجوان بہن نے آستر کی کہانی پڑھنے کے بعد لکھا:‏ ”‏مَیں اِس بات کو سمجھ گئی کہ ہم پر اچھے اچھے کپڑے پہننے اور نئے نئے فیشن کرنے کی دُھن بڑی آسانی سے سوار ہو سکتی ہے۔‏ اچھے کپڑے پہننے اور سجنے سنورنے میں کوئی حرج تو نہیں ہے لیکن ہمیں اِس کو اپنا جنون نہیں بنانا چاہیے۔‏ یہوواہ کے نزدیک یہ بات اہمیت رکھتی ہے کہ ہم کیسی شخصیت کے مالک ہیں۔‏“‏ پطرس رسول کے بارے میں مضمون پڑھنے کے بعد ایک بہن نے اپنے احساسات کو اِن لفظوں میں بیان کِیا:‏ ”‏جب مَیں نے اِس مضمون کو پڑھا تو مَیں اِس میں پوری طرح کھو گئی۔‏ مجھے ایسا لگ رہا تھا جیسے سب کچھ میری آنکھوں کے سامنے ہو رہا ہے۔‏ یہاں تک کہ جو باتیں صاف صاف بیان نہیں کی گئی تھیں،‏ مَیں اُنہیں بھی تصور کی آنکھ سے دیکھ سکتی تھی۔‏“‏

اُوپر جن لوگوں کے بیانات درج ہیں،‏ اُن کے علاوہ بھی بہت سے لوگوں نے ہمیں خط لکھے ہیں اور مضامین کے اِس سلسلے کے لیے شکرگزاری کا اِظہار کِیا ہے۔‏ اِس سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ پولُس رسول کی وہ بات بالکل سچ ہے جو اُنہوں نے آج سے سینکڑوں سال پہلے لکھی تھی۔‏ اُنہوں نے کہا تھا:‏ ”‏جتنی بھی باتیں پہلے لکھی گئیں،‏ وہ ہماری ہدایت کے لیے لکھی گئیں۔‏“‏ (‏روم 15:‏4‏)‏ واقعی یہوواہ خدا نے اپنے کلام میں یہ باتیں اِس لیے لکھوائی تھیں تاکہ ہم اِن سے اہم سبق سیکھ سکیں۔‏ چاہے ہم کتنے ہی عرصے سے سچائی سے واقف ہوں،‏ اِن باتوں پر غور کرنے سے ہم سب فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔‏

ہم آپ کی حوصلہ‌افزائی کرتے ہیں کہ آپ کے لیے جتنی جلدی ممکن ہو،‏ اِس کتاب کو پڑھنا شروع کریں۔‏ اپنی خاندانی عبادت میں اِس کا مطالعہ کریں۔‏ جب آپ ایسا کریں گے تو آپ دیکھیں گے کہ بچوں کو اِس میں بڑا مزہ آئے گا۔‏ جب بائبل کے کلیسیائی مطالعے میں اِس کتاب پر غور کِیا جاتا ہے تو ایک ہفتہ بھی اِجلاس سے غیرحاضر نہ رہیں۔‏ آپ کو اِسے جلدی جلدی پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔‏ اِسے تسلی سے پڑھیں،‏ واقعات کا تصور کریں اور یہ سوچیں کہ سب کچھ آپ کی آنکھوں کے سامنے ہو رہا ہے۔‏ اُن لوگوں کے احساسات کو سمجھنے کی کوشش کریں جن کی کہانیاں اِس کتاب میں لکھی ہیں اور خود کو اُن کی جگہ پر رکھ کر سوچیں۔‏ اِس بات پر غور کریں کہ اُنہوں نے مختلف صورتحال میں کیسا ردِعمل دِکھایا اور اگر آپ کو ویسی صورتحال کا سامنا ہوتا تو آپ کیا کرتے۔‏

ہم اِس کتاب کے شائع ہونے پر بہت خوش ہیں۔‏ ہماری دُعا ہے کہ یہ کتاب آپ کے اور آپ کے گھر والوں کے لیے بڑی برکت ثابت ہو۔‏ دلی محبت اور نیک تمناؤں کے ساتھ،‏

یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی